اکتوبر، نومبر میں الیکشن ہونگے: شیخ رشید نے پیشگوئی کردی

اکتوبر، نومبر میں الیکشن ہونگے: شیخ رشید نے پیشگوئی کردی
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بڑی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن رواں سال اکتوبر یا نومبر میں ہونے جا رہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب کا سیاسی کوڑا کرکٹ گٹر میں پھینکا جائے گا۔ نیب کی من پسند ترمیم بھی ختم ہوگی۔ اوورسیز کو ووٹ کا حق بھی ملے گا۔ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف ملے گا۔ ملکی اثاثے بیچنے سے پہلے ہی ان کا کھیل ختم ہو جائے گا۔ نہ من پسند قانون سازی ہوگی، نہ نواز شریف آئے گا۔ اکتوبر، نومبر میں الیکشن ہونگے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی خود مختاری کو آئینی تحفظ حاصل ہے، اس کے اختیارات کو بڑھایا جا سکتا ہے، گھٹایا نہیں جا سکتا۔ سپریم کورٹ کو قاتل عدلیہ کہا گیا۔ سپریم کورٹ کو جیب کی گھڑی ہاتھ کی چھڑی نہیں بنایا جا سکتا اور نہ ہی گورنر راج لگایا جا سکتا ہے۔ ڈالر 250 کا اور 7 ارب ڈالر کے ذخائر کم ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل گذشتہ روز اپنی ایک ٹویٹ میں سینئر سیاست دان نے کہا تھا کہ اقتدار حمزہ کا ختم ہوا ہے اور مشتعل فضل الرحمن ہو رہے ہیں۔ ن لیگ 2 واضح گروپوں میں تقسیم ہونے جا رہی ہے۔ ایک اقدار میں چمٹے رہنے اور دوسرا الیکشن میں جانے کا حامی ہے۔ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس شرمندگی کا انبار ہوگا۔ بجلی 7 روپے فی یونٹ اور مہنگی کر دی ہے۔ گھی اور پیٹرول مزید مہنگا ہونے جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2 ووٹوں کی حکومت کے لئے نیا الیکشن ہی واحد راستہ رہ گیا ہے۔ لوگ مسائل میں مر رہے ہیں اور حکومت میڈیا میڈیا کھیل رہی ہے۔ حکومت سپریم کورٹ کے بارے میں دھمکیاں اور نازیبا زبان استعمال کر رہی ہے۔ آپ کو اثاثے بیچنے کی پڑی ہے جبکہ سٹاک ایکس چینج کریش ہو رہی ہے اور ڈالر 250 کا ہونے جا رہا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔