(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے لاہور کے 3200صحافیوں کوپلاٹس دینے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
وزارت اطلاعات پنجاب اور روڈا کے درمیان اراضی کی منتقلی کے ایم او یو پر دستخط ہوگئے۔ سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور سی ای او روڈا عمران امین نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
اس موقع پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری ،صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ،سلیم ساگر اور کرنل ریٹائرڈ عابد موجود تھیں۔
لاہور پریس کلب کے کونسل ممبران کو فارم پریس کلب سے جبکہ نان کونسل ممبران کو ڈی جی پی آر سے فارم ملیں گے۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ آئندہ چندروز میں جنرنلسٹ ہاؤسنگ سکیم فیز ٹو کا پراسس مکمل کردیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور کے 3200صحافیوں کو اپنا گھر فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 3200صحافیوں کو پلاٹس ملنے جارہے ہیں، تمام صحافیوں کو میرٹ کی بنیاد پر پلاٹس ملیں گے، اس معاملے میں کسی کی سفارش قابل قبول نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایف بلاک کا مسئلہ بھی حل کردیا گیا ہے۔