عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ کا لاہور سے آغاز ہو گیا

عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ کا لاہور سے آغاز ہو گیا
لاہور: سابق وزیر اعظم و چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں لبرٹی چوک سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز ہوگیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اسلام آباد کیلئے لبرٹی چوک لاہور سے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے ۔عمران خان مرکزی کنٹینر پر سوار ہوکر مارچ کی قیادت کر رہے ہیں ان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔ حقیقی آزادی مارچ میں بڑی تعداد میں کارکنان بھی شریک ہیں ، بچوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں موجود ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وہاں موجود لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کیا اس کے ساتھ ساتھ ان سے حلف بھی لیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیڈر قائدِ اعظم نے انگریزوں سے آزادی دلائی تھی اور اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کی حقیقی آزادی کے سفر کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مارچ سیاست یا ذاتی مفادات کے لیے نہیں ہے ، بھارت تو روس سے سستا تیل لے سکتا ہے مگر غلام پاکستانیوں کو اس کی بھی اجازت نہیں ہے۔ لانگ مارچ کے روٹ کی بات کی جائے اگر تو پہلے دن لانگ مارچ لاہور میں ہی رہے گا ، لبرٹی چوک سے اچھرہ، مزنگ،ایم او کالج، جنرل پوسٹ آفس چوک ،داتا دربارسے آزادی چوک تک پہنچے گا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ قوم اپنے حقیقی آزادی کے سفر کے ابتدا کے لئے تیار. اگلے دن لانگ مارچ کا آغاز شاہدرہ سے شروع ہوگا۔ دوسرے روز ہفتے کو مریدکے ،کامونکی سے گوجرانوالہ پہنچے گا۔ ڈسکہ سے ہوتا ہوا سیالکوٹ پہنچے گا، لانگ مارچ ، سمبڑیال، وزیر آباد سے ہوتا ہوا گجرات جائے گا پھر لالہ موسی کھاریاں سے جہلم پہنچے گا۔ اسی طرح سے گوجر خان سے راولپنڈی اور 4نومبر جمعے کے روز راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوجائے گا ۔ عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کی پلاننگ میں تھوڑی سی تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے حکمت عملی کے بارے میں بتایا کہ لاہور میں لانگ مارچ میں عوام پیدل چلیں گے اور گھروں سے جوگرز پہن کر آئیں کیونکہ آج صرف مینار پاکستان تک جانا ہے، درمیان میں 4 سے 5 مقامات پر خطاب بھی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیاں پیچھے ہوں گی اور لوگ پیدل مارچ کے ساتھ ساتھ آگے آگے کی جانب بڑھیں گے ۔ جہاں جہاں آبادی سے لانگ مارچ گزرے گا لوگ پیدل چلیں گے۔ اگلے جمعہ کو ہم راولپنڈی پہچیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔