ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو دیے جانے والے کھانے سے انہیں الٹیاں ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مل کے صبر آگیا ہے،انہوں نے بتایا ان کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل کی بجلی کاٹی گئی،ان کا اخبار ٹی وی سب بند کر دیا گیا تھا۔تین ہفتے بعد بانی پی ٹی آئی کو ورزش کے لیے سائیکل دی گئی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو 20 دن فسطائیت میں رکھا گیا، بانی پی ٹی آئی سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی،یہ لوگ خوف میں تھے کہ بانی پی ٹی آئی کسی کو کچھ کہہ نہ دیں،یہ بھول جائیں کہ ہم چپ بیٹھے رہیں گے،ہمیں کہا گیا کہ ہم کچن میں بم تیار کر رہے تھے،قومی اسمبلی میں عوامی نمائندے بیٹھتے ہیں،پارلیمنٹ پر حملہ کیا ہم نے کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں گرفتار کر کے ڈیتھ سیل میں بند کیا گیا،دوران قید ہم یہ سوچ رہے تھے ہمارا بھائی اور دیگر قیدی کیسے زندگی گزار رہے ہوں گے،ہمیں پیغام مل رہا ہے کہ ہم پر مزید ایف آئی آرز بھی ہیں،ہوسکتا ہے اس پریس کانفرنس کے بعد دوبارہ گرفتار ہوجائیں۔
واضح رہے کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی۔
اس کے علاوہ ایڈووکیٹ فیصل چوہدری، بیرسٹر شعیب شاہین اور علی محمد خان نے بھی جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔