وزیر خارجہ اہم دورے پر چین روانہ

وزیر خارجہ اہم دورے پر چین روانہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کی خصوصی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس میں شرکت کیلئے چین روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیر خارجہ اپنے تین روزہ دورے میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس اور ٹرائیکا پلس اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وزیر خارجہ افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے حوالے سے شرکاء کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران وزیر خارجہ، سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ روس کے وزیر خارجہ، سرگئ لیوروف اور ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ ء خیال کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ چین، پاکستان کے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ چین روانگی سے قبل اپنے اہم بیان میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میرا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وہاں بہت سی اہم میٹنگز ہوں گی۔ ہم افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ افغانستان کے وزیر خارجہ کی موجودگی چین اور پاکستان کے ساتھ ایک سہ ملکی ملاقات بھی ہوں گی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم افغانستان کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے دو طرفہ ملاقات ہوگی۔ روسی ہم منصب سے یقیناً یوکرین کی صورتحال پر بات ہوگی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے یوکرین کے حوالے سے پاکستان کو جو مینڈیٹ دیا اس پر روسی وزیر خارجہ کی رائے جاننا چاہوں گا۔ ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں عالمی طاقتوں سے مذاکرات پر آگاہی حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔ کوشش ہوگی کہ پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے نکتہ نظر بھرپور انداز میں پیش کیا جائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔