بختاور بھٹو زرداری کی بیٹے کے ہمراہ تصویر وائرل

بختاور بھٹو زرداری کی بیٹے کے ہمراہ تصویر وائرل
دبئی: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی اپنے بیٹے کے ساتھ فوٹو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ لوگ بچے کی درازی عمر کیلئے انھیں ڈھیروں دعائیں دے رہے ہیں۔ یہ تصویر میر حاکم محمود چودھری کے نام سے بنے انسٹاگرام اکائونٹ پر شیئر کی گئی۔ اس میں بختاور بھٹو زرداری اپنے فرزند کو سینے سے لگائے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ بعد ازاں اس تصویر کو مختلف ٹویٹر اور انسٹاگرام اکائونٹس سے بھی شیئر کیا گیا۔ بعض صارفین نے اس تصویر پر نامناسب کمنٹس بھی کئے اور سابق صدر آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان نفرت آمیز کمنٹس میں سندھیوں اور جیالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کا نیا 'چودھری لیڈر' آگیا ہے۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ کرپٹ اور وڈیریوں کو وہ مقام نہیں دیں گے۔ تاہم وہ تمام مائوں کی عزت کرتے ہیں۔ جہاں لوگوں نے تصویر پر نفرت انگیز کمنٹس کئے، وہیں کئی نے ان کی تعریفیں کیں اور دونوں کی صحتیابی اور خوشی کیلئے ڈھیروں دعائیں بھی کیں۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو کی محمود چودھری کیساتھ رواں برس 31 جنوری کو شادی ہوئی تھی۔ گذشتہ ماہ 11 اکتوبر کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے بیٹے کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہوں نے بیٹے کا نام مرحوم دادا ’حاکم علی زرداری‘ اور ماموں ’میر مرتضیٰ زرداری‘ کی نسبت سے ’میر حاکم محمود چوہدری رکھا ہے۔ بختاور بھٹو زرداری کے یہاں گذشتہ ماہ 10 اکتوبر کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ انہوں نے 3 نومبر کو بیٹے کی پہلی تصویر شیئر کی جبکہ رواں ماہ 10 نومبر کو بھی بیٹے کی عمر ایک ماہ ہونے پر اس کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔

Watch Live Public News