(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی دھاندلی کے خلاف اپوزیشن گرینڈ الائنس تشکیل دینے کا فیصلہ ، 19 اپریل کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کیا جائے گا۔
رپورٹ کےمطابق پاکستان تحریک انصاف نے مختلف سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملاکر گرینڈ الائنس بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور اب رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس کا مقصد آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ گرینڈ الائنس کے حوالے سے آج فارمل میٹنگ ہوگی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ گرینڈ الائنس کی رکن سیاسی جماعتوں میں جماعت اسلامی، ایم ڈبلیو ایم، بلوچستان نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی شامل ہوگی۔
پی ٹی آئی نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 19 اپریل کو لیاقت باغ میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔ صدر شمالی پنجاب سیمابیہ طاہر نے جلسے کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو درخواست جمع کرادی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جلسہ میں مرکزی قیادت سمیت ملک بھر کارکن شرکت کریں گے، اس لیے سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔ میں نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 سے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں، پُر امن جلسہ ہمارا آئینی حق ہے۔