ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہو رہی، اگر ہوئی تو بانی پی ٹی آئی بتائیں گے، بیرسٹر گوہر

ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہو رہی، اگر ہوئی تو بانی پی ٹی آئی بتائیں گے، بیرسٹر گوہر

(ویب ڈیسک )چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہو رہی، اگر ہوئی تو بانیٔ پی ٹی آئی بتائیں گے، ہمارے پاس ڈائیلاگ کے لیے کوئی پیغام نہیں آیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سارے کیسز سیاسی بنیادوں پر ہیں، ان کو کیسز میں کچھ نہیں مل رہا، یہ ایک اور بوگس کیس بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی ہے کہ ہمارے کیسز مزید التواء میں نہ رکھیں، انصاف وقت پر نہ ملنا بھی ناانصافی ہے، بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ سے درخواست کی کہ ہمارے کیسز پر جلد فیصلہ کریں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 8 اپریل کو مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت ہے، ہمیں امید ہے کہ مخصوص نشستیں ہمیں قانون کے مطابق ملیں گی، عام انتخابات پر پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے عدلیہ سے کہا ہے کہ ان کے فیصلے جلد کیے جائیں، امید ہے کہ سپریم کورٹ سے مخصوص نشستوں پر ہمارے حق میں فیصلہ ہو گا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو لوگ ہمارے مینڈیٹ چور ہیں، ان کے علاوہ سب سے بات ہو گی، بانیٔ پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر کے اجراء پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، بانیٔ پی ٹی آئی نے نہیں کہا کہ عدلیہ پر اعتماد نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم عدلیہ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، قومی اسمبلی کی 180 نشستیں جیت چکے تھے، بانیٔ پی ٹی آئی کی درخواست ہے کہ انتخابات میں دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ’جیو‘ کا معیشت سے متعلق پروگرام ’کر ڈالو‘ اچھا ہے، اس کی حمایت کرتے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی عدلیہ کی آزادی کے لیے نکلے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم نے 6 ججز کے خط پر ایک بڑا مؤقف لیا ہے، بلوچستان، لاہور، سندھ اور پشاور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ مداخلت ہو رہی ہے، عدلیہ مضبوط ہوگی تو قانون کی حکمرانی ہو گی۔

Watch Live Public News