عمران خان کے وکیل انتظارپنجوتھابازیاب،مقدمہ درج

عمران خان کے وکیل انتظارپنجوتھابازیاب،مقدمہ درج
کیپشن: عمران خان کے وکیل انتظارپنجوتھا کو پولیس نے مقابلے کے بعد بازیاب کروالیا

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل انتظار حسین پنجوتھا کو پولیس مقابلے کے بعد اٹک سے بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او اٹک ڈاکٹر غیاث گل نے انتظار پنجوتھا کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے مشکوک گاڑی کو روکا تو ملزمان نے گاڑی بھگا دی، پولیس نے ناکہ بندی کرکے تھانہ صدر حسن ابدال کی حدود میں گاڑی کو روکا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے، پولیس نے گاڑی کو چیک کیا تو گاڑی میں موجود شخص نے اپنا نام انتظار حسین پنجوتھا بتایا، اغوا کاروں نے ان کی ٹانگیں باندھی ہوئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظار حسین پنجوتھا کو تھانے منتقل کرکے بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا ہے اور مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

پولیس نے انتظار پنجوتھا کو ہاتھ پاؤں کھول کر پانی پلایا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

انتظار پنجوتھہ کے بھائی نعیم حیدر پنجوتھہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ’انتظار بھائی سے ابھی فون پر بات ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق وہ تھوڑی دیر تک ہمارے پاس پہنچ جائیں گے۔‘

سوشل میڈیا پر انتطار پنجوتھہ کی ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی ہیں جس میں سے ایک ویڈیو میں وہ ایک گاڑی میں بیٹھے ہیں، جبکہ دوسری ویڈیو میں وہ کسی تھانے میں بیٹھے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

انتظار پنجھوتھا کے اغواء کاروں کے خلاف مقدمہ درج

اٹک میں تھانہ صدر حسن ابدال میں پی ٹی آئی رہنما انتظار پنجھوتھا کے اغوا کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ سی ٹی ڈی اہلکار آصف اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

دوران گشت بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کوپولیس نے رکنے کا اشارہ کیا گیا گاڑی نہ رکنے پر پولیس نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا اور اغوا کار خوفزدہ ہوکر گاڑی چھوڑ گئے۔

اغوا کار پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی اور مغوی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

مغوی نے پولیس کو اپنا نام انتظار پنجھوتھا بتایا، اغوا کاروں نے مجھے 8 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر سے اغوا کیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ اغوا کاروں نے میرے گھر والوں سے 2 کروڑروپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، اغوا کار مجھے آج رات کو خیبرپختونخوا کے علاقے چمکنی لے جارہے تھے۔

پولیس نے مختلف دفعات کے تحت اغوا کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، بازیاب مغوی انتظار پنجھوتھا کو رات گئے تھانہ کوہسار اسلام آباد پولیس اپنے ساتھ لے گئی۔

Watch Live Public News