’’رائیونڈ کا وزیراعظم لندن بیٹھا ہے، یہ احتساب نہیں‘‘

’’رائیونڈ کا وزیراعظم لندن بیٹھا ہے، یہ احتساب نہیں‘‘
اسلام آباد(پبلک نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کرائے ونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود بیرون ملک بھیجا جاتا ہے اور وہ لندن میں بیٹھے ہیں، یہ احتساب نہیں، پولیٹیکل انجینئرنگ اور سیاسی انتقام ہے. پیپلزپارٹی کے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے عوام مشکلات میں گھرے ہیں، وزیراعظم کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس حکومت کو غریب عوام کی مشکلات کا علم نہیں ہے، وزیراعظم، وزرا اور ترجمان معیشت پر بیان بازی کر رہے ہیں، ان کے اے ٹی ایمز کے لیے مشکل وقت ضرور ختم ہو گا، عام آدمی نیا دن شروع کرتا ہے جوپچھلے دن سے برا ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا ہمارے وزیراعظم کہتے ہیں ملک ترقی کررہا ہے، وزیراعظم نے مہنگائی کا پہاڑ توڑ دیا کہتے ہیں ترقی ہو رہی ہے، وزیراعظم عرب ممالک سے امداد کیوں مانگ رہے ہیں؟ کہتے ہیں جی ڈی پی میں اضافہ ہوا، شرح نمو کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں،امید ہے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ ہو گا، امیدہے پاک فوج کےسپاہیوں کی تنخواہوں میں 175 فیصداضافہ کریں گے، آصف زرداری نے 3 سال قبل کہا تھا نیب اور معیشت ساتھ نہیں چل سکتے، وزیرخزانہ نے خود کہا ہے کہ آئی ایم ایف، پی ٹی آئی ڈیل غلط تھی، احتساب کے نام پر مذاق کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے دھواں دار پریس کانفرنس میں کہا عمران خان نے خود کہا تھا دو نہیں ایک پاکستان ہو، آج جو کچھ احتساب کے نام پر ہو رہا ہے وہ انصاف نہیں انتقام ہے، وزیراعظم اور دوستوں پر الزام لگے تو کچھ نہ ہو، نواب شاہ کے صدر پرالزام لگے تو 3 سال جیل میں رہے، رائیونڈ کے وزیراعظم کوسزا کے باوجود باہر بھیجا جاتا ہے، یہاں آئین اور قانون کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا جا رہا ہے، سکھر کے قائد حزب اختلاف کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے، اپوزیشن لیڈر پنجاب کا ہو تو ضمانت مل جاتی ہے، وزیراعظم کی بہن پر الزام لگے تو کچھ نہ ہو،یہ کس قسم کا ایک پاکستان ہے؟ عوام آپ کے ایم این ایز کو گریبان سے پکڑیں گے، ہم عوام کی طاقت پر بھروسہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا افغانستان کے معاملے پر پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے، آزاد کشمیر الیکشن وقت پر ہونے چاہیے، ثابت ہو گیا کہ حکومت انتخابات سے ڈرتی ہے، دھاندلی کے لیے انتخابی اصلاحات پر آرڈیننس لا رہے ہیں، حکومت انتخابی قوانین آرڈیننس سے تبدیل کررہی ہے، الیکشن کمیشن کو اس معاملے پر اسٹینڈ لینا چاہیے، آزادی صحافت پر حملے ہو رہے ہیں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔