ویب ڈیسک: چینوٹ بازار ہوٹل میں سوتر منڈی میں کام کرنے والے شخص کی مبینہ خودکشی کے واقعہ میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تھانہ کوتوالی میں سوتر منڈی کے تاجروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قتل کا مقدمہ باپ اور دو بیٹوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ مرنے والے ملازم حارث کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ حارث نے اپنے مالکان سے چار ماہ کی تنخواہ لینی تھی۔ اس کے علاوہ حارث نے اپنے مالکان کے کام میں 70 لاکھ روپے کی انویسٹمنٹ بھی کی تھی جس کا منافع نہیں دیا جا رہا تھا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ حارث نے ملزمان سے بار بار تنخواہ اور پیسوں کا مطالبہ کیا جس پر اس کو قتل کر کے خودکشی کا رنگ دیا گیا۔
دوسری جانب حارث کی ایک مبینہ آڈیو منظرعام پر آئی ہے۔ جس میں حارث نے انتہائی قدم اٹھانے اور اپنے مرنے کی وجہ اپنے مالکان کو قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حارث کی لاش ہوٹل کے کمرے سے ملی۔