بیٹے کی ہلدی پر انیتا امبانی کے مغلیہ انداز کے لباس نے سب کے دل موہ لئے

بیٹے کی ہلدی پر انیتا امبانی کے مغلیہ انداز کے لباس نے سب کے دل موہ لئے

ویب ڈیسک : ( طیبہ نقشی ) اننت امبانی کی ہلدی پر انیتا امبانی کے مغلیہ انداز کے لباس نے سب کے دل موہ لئے۔ حیدر آبادی ’’چوگوشیہ ’’ اور ’’ کھڈا ’’ دوپٹا میں انیتا کی سحر انگیز انٹری.

رپورٹ کے مطابق انیتا امبانی جو اپنی اسٹائلش ڈریسنگ اور مہنگی ترین جیولری کے لئے معروف ہیں نے اپنے بیٹے اننت امبانی کی ہلدی کی تقریب میں حیدرآبادی کرتا، چوڑی دار پاجامہ اور’’چوگوشیہ ’’ اور ’’ کھڈا ’’ دوپٹا زیب تن کیا ۔

تقریب کے موقع پر انیتا امبانی کے داخل ہوتے ہی سب کی نگاہیں ان پر مرکوز ہوگئیں۔ کیونکہ عام طور پر ساری اور لہنگے میں ملبوس رہنے والی انیتا نے غیر متوقع طور پر گذشتہ رات ڈیزائنر منیش ملہوترا کا تیارکردہ حیدر آبادی کرتا اور ’’ کھڈا ’’ دوپٹا پہن رکھا تھا۔

یاد رہے  اس پہناوے کا یہ اسٹائل یا فیشن 150 سال پرانا ہے حیدر آبادی اشرافیہ کی خواتین اسے اپنے نکاح اور شادی کی تقاریب میں پہنتی تھیں۔

 اس لباس کو ’’چوگوشیہ ’’ کے نام سے پکارا جاتا ہے جس کی جڑیں اس سے بھی پہلے17 ویں صدی میں مغلیہ ادوار سے جا ملتی ہیں۔

’’چوگوشیہ ’’ کیا ہے ؟

چو گوشیہ میں کشیدہ کاری کی گئی ایک تنگ چولی ، اس کے اوپر مرصع ایک نسبتا کھلی کرتی ، چوڑی دار پاجاما اور 5 میٹر کا ’’ کھڈا ’’ دوپٹا شامل ہوتا ہے۔ 

تاہم نظام حیدر آباد دکن کے خاندان کی شاہی خواتین میں اس میں متعدد تبدیلیاں بھی کرائیں۔ اس پر سونے کی تاروں سے کڑھائی کی جاتی تھی جبکہ کرتی اور چولی پر زردوزی اور زری کا کام ہوتا تھا اسی طرح  ’’ کھڈا ’’ دوپٹا کے بارڈر پر چاندی سونے کا ’’ چٹائی ’’ تکنیک کا کام کرایا جاتا تھا ۔

ریکھا کا اعزاز

’’چوگوشیہ’’ کو دوبارہ ماڈرن دور میں متعارف کرانے کا اعزاز معروف بالی وڈ لیجنڈ اداکارہ ریکھا کو جاتا ہے جنہوں نے اسے پہن کر متعدد بار ریڈ کارپٹ پر اپنے جلوے بکھیرے۔

یادرہے ایک دفعہ ’’چوگوشیہ’’ میں ملبوس ریکھا کی ’’ ووگ عریبیہ ’’ کے ٹائٹل پر تصویر بھی شائع ہوچکی ہے۔  

ماہرہ خان نے  ’’چوگوشیہ’’  کب پہنا؟

معروف پاکستانی اداکارہ اور لاکھوں دلوں کی دھڑکن ماہرہ خان نے بھی اپنی شادی کی تقریب میں ’’چوگوشیہ’’ ہی زیب تن کیا تھا تاہم انہوں نے تیز رنگوں کی بجائے  گولڈن چولی ، سفید کرتی اور سنہرے چوڑی دار کے ساتھ ڈبل ڈریپڈ آرگنزا کے دوپٹے کا انتخاب کیا تھا۔

Watch Live Public News