مالی سال 2024-25: اہم وزارتوں کا ترقیاتی بجٹ کتنا ہوگا؟ دستاویز پبلک نیوز نے حاصل کرلی

مالی سال 2024-25: اہم وزارتوں کا ترقیاتی بجٹ کتنا ہوگا؟ دستاویز پبلک نیوز نے حاصل کرلی
کیپشن: FY 2024-25: What will be the development budget of key ministries? The document was obtained by Public News

ویب ڈیسک: آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ کی اہم دستاویز پبلک نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ 

بجٹ دستاویز کے  مطابق پی ایس ڈی پی کا مجموعی حجم 14 سو ارب مختص ہے۔ وفاقی وزارتوں کا مجموعی بجٹ 1041 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وزارت آبی وسائل کیلئے 259 ارب اور سپارکو کیلئے 35 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ریونیو ڈویژن کیلئے 17 ارب روپے اورریلوے ڈویژن کیلئے 43 ارب روپے مختص ہیں۔ 

بجٹ دستاویز کے  مطابق تخفیف غربت کیلئے آئندہ مالی سال ترقی کا بجٹ مختص نہیں کیا گیا۔ پیٹرولیم ڈویژن کیلئے 3 ارب 22 کروڑ کا ترقیاتی بجٹ مختص ہے۔ داخلہ ڈویژن کیلئے 9 ارب 7 کروڑ روپے اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کیلئے 28 ارب 92 کروڑ کا بجٹ مختص ہے۔

اسی طرح آئندہ بجٹ میں انفراسٹکچر کیلئے 827 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص ہے جبکہ توانائی کیلئے 253 ارب، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کیلئے 279 ارب اور پانی کے منصوبوں کیلئے 206 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں سماجی شعبے کیلئے 280 ارب، صحت کیلئے 45 ارب، تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کیلئے 93 ارب، ایس ڈی جیز کیلئے آئندہ مالی سال میں 75 ارب روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق غذائی و زراعت کیلئے 42 ارب روپے، گورننس کیلئے 28 ارب روپے، سائنس و آئی ٹی کیلئے 79 ارب روپے، کے پی میں ضم شدہ اضلاع کیلئے 64 ارب روپے اور آزادکشمیر و گلگت بلتستان کیلئے 75 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق فوڈ سیکورٹی کیلئے 41 ارب 25 کروڑ روپے، وزارت صحت کیلئے 27 ارب روپے، صنعت و پیداوارکیلئے4 ارب91 کروڑ روپے، وزارت انسانی حقوق کیلئے 10 کروڑ 40 لاکھ روپے، ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلئے27 ارب 68 کروڑ روپے، ہائرایجوکیشن کمیشن کیلئے 66 ارب 31 کروڑ روپے اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 74 ارب 50 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔