لاہور: توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری لے کر پولیس زمان پارک پہنچ گئی ہے۔ پولیس کی ٹیم پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو طلبی کے نوٹس کی تعمیل کرائے گی۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر کارکن بھی پہنچ گئے۔ زمان پارک کے باہر ایک بکتر بند گاڑی بھی موجود ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عہدیداروں نے سوال کیا کہ یہ کیوں آئی ہے؟ پولیس اہلکاروں نے جواب دیا کہ بکتر بند گاڑی گرفتاری کے لئے نہیں، عمران خان کی سیکورٹی کے لئے آئی ہے۔ پولیس کی جانب سے مال روڈ انڈر پاس پر کینال روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نےگزشتہ روز عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ آج اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیے ہیں۔