پبلک نیوز: 14 اپریل 2024 کو خنجراب پاس سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک برفانی تودہ گرنے سے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی تھی، ایف ڈبلیو او کی ٹیم نے لگاتار کام کرکے برفانی تودہ ہٹانے کا کام مکمل کیا اور سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال کیا۔
تفصیلات کے مطابق برفانی تودے کی لمبائی 150 میٹر اور اونچائی 25 میٹر تھی، خنجراب پاس جانے والی 60 سے زائد گاڑیاں اور 180 سے زائد زائرین اور سیاح خاندان پھنس گئے، ایف ڈبلیو او کی بھاری مشینری کو فوری طور پر برفانی تودے کو ہٹانے کیلئے کام پر لگا دیا گیا،اس مشکل وقت میں پاک فوج کے میڈیکل سٹاف نے بھی پھنسے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔
شدید سرد موسم کے باعث پھنسے ہوئے سیاحوں خاص طور پر خواتین اور بچوں کو صحت کے متعلق سنگین خطرات لاحق تھے،برفانی تودے کے دونوں اطراف ایف ڈبلیو او نے محفوظ پناہ گاہوں کے ساتھ ساتھ پھنسے ہوئے خاندانوں کو بنیادی سہولیات بھی فراہم کیں،سیاحوں کو سردی سے بچانے اور طبی امداد فراہم کرنے کیلئے عارضی رہائش کا بھی انتظام کیا گیا۔
برفانی تودے کے دونوں جانب 48 متاثرہ مریضوں کو ایف ڈبلیو او کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کے عملے نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، ایف ڈبلیو او کی جانب سے متاثرہ سیاحوں کو کھانا اور پینے کا صاف پانی بھی پہنچایا گیا،سردی سے متاثرہ 30 سے زائد مریضوں کو ایف ڈبلیو او کے میڈیکل روم میں طبی امداد مہیا کی گئی،سخت موسم اور حالات کے باوجود بھی ٹریفک کی روانی کیلئے کام رات کے وقت جاری رہا۔
ایف ڈبلیو او کی ٹیم نے لگاتار کام کرکے برفانی تودہ ہٹانے کا کام مکمل کیا اور سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال کیا، برفانی تودہ ہٹانے اور سڑک کو کھولنے کے بعد، تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو سوست میں محفوظ علاقے میں منتقل کیا گیا، ایف ڈبلیو او کی منصوبہ بندی اور بروقت کاروائی نے پھنسے ہوئے سیاحوں کو جان لیوا خطرات سے بچایا،متاثرین نے ایف ڈبلیو او کی انتھک محنت اور بے لوث کوششوں کو خوب سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔