پیپلز پارٹی کا منی بجٹ مسترد کرنے کا اعلان

پیپلز پارٹی کا منی بجٹ مسترد کرنے کا اعلان
کراچی: ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی نے منی بجٹ مسترد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی شرائط پر عوام الناس کی جیبوں پر 360 ارب روپے کے نئے حکومتی ڈاکا کو مسترد کرتے ہیں۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 140 اشیائے ضروریہ پر 17 فیصد سیلز ٹیکس غریب خاتمہ مشن ہے۔ آئی ایم ایف کے تنخواہ دار حکمران عوام الناس کے لئے خطرہ جان بن گئے ہیں۔ نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ نالائق کپتان اور نااہل حکومتی ٹیم نے معیشت خطرے کے کنارے پر کھڑی کر دی ہے۔ 17 فیصد سیلز ٹیکس ہوشربا مہنگائی میں مزید اضافہ کے زریعے لوگوں کو زندہ درگور کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس معیشت گروی اور اسے خزانے کی کنجیاں حوالے کرنے والے عوام دشمنی کی حدیں عبور کر رہے ہیں۔ عوام ہوشربا مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی نڈھال ہو چکی ہے، ان پر سیلز ٹیکس کا اضافہ کرکے ایک بم گرایا جائے گا۔ پیپلز پارٹی نالائق اور نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے۔

Watch Live Public News