تونسہ ( پبلک نیوز) سیالکوٹ سے راجن پورجانے والی مسافر بس ڈیرہ غازی خان میں تونسہ کے مقام پر المناک حادثے کا شکار ،تیز رفتاری کی وجہ سے بس اور ٹرک میں تصادم ، 28 افراد جان کی بازی ہار گئے، 46 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جن میں سے ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے سندھ جانے والی بس جھوک یار شاہ تونسہ روڈ پر کنٹینر سے ٹکرا گئی ،28 مسافر موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 46 کو ہسپتال منتقل کیا گیا،مسافر بس میں 75 مسافر سوار تھے، زخمیوں کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر ذیشان جاویدنے ٹیچنگ ہسپتال میں بس حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی اور زخمیوں کو ہرممکن علاج فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہنگامی طور پر ہسپتال بلا لیا گیا ،تمام زخمیوں کے علاج معالجہ کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔