ویب ڈیسک: کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کارساز حادثہ کیس میں ملزم دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کرلی جبکہ ملزمہ نتاشا کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے کارساز حادثہ کیس میں ملزم دانش اقبال کی درخواست پر سماعت کیا۔ ملزم عدالت میں پیش ہوا تو عدالت نے ملزم کو چہرے سے ماسک ہٹانے کی ہدایت کی۔ بعدازاں عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزمہ نتاشا دانش کی درخواست ضمانت پر بھی سماعت کی۔ عدالت نے ملزمہ نتاشا کی درخواست ضمانت پر سرکاری وکیل ،مدعی مقدمہ اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 6 ستمبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نتاشا دانش کے وکیل عامر منصوب نے کہا کہ میڈیا پر کیس سے متعلق بہت سی باتیں چل رہی ہیں، نتاشا کا ذہنی توازن درست نہیں،وہ 18 اگست 2005ء کو پہلی بار ذہنی امراض کے وارڈ میں داخل ہوئی تھی۔
وکیل عامر منصوب کا کہنا تھا کہ نتاشا کے اسپتال کا ریکارڈ عدالت میں پیش کررہے ہیں، وقوعہ کے روز بھی نتاشا کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، نتاشا کی میڈیکل رپورٹ پر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے شراب نوشی ٹیسٹ کے لیے نتاشا کے خون اور پیشاب کے نمونے لیے تھے لیکن ٹیسٹ کی رپورٹ عجیب سی ہے، پیشاب کے نمونے میں میتھا فیٹا مائن ہے مگر اس کے آثار خون میں نہیں۔
وکیل نے بتایا کہ نتاشا ذہنی مریضہ ہیں اور اس حوالے سے دوا بھی لیتی ہیں، ہوسکتا ہے کہ ان کے نمونوں میں ان دواؤں کا کوئی کیمکل ہو، میڈیکل رپورٹ کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ عامر مںصوب نے کہا کہ نتاشا کسی کمپنی کی مالک نہیں ہے، وہ نتاشا کوئی اور ہے، درخواست ضمانت میڈیکل پر نہیں میرٹ پر لگائی ہے، نتاشا کے پاس 2031 تک کا برطانوی ڈرائیونگ لائسنس ہے، ہمارے اور برطانوی قوانین کے مطابق پاکستان آمد کے 6 ماہ بعد وہ لائسنس قابل قبول ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ نتاشا کے پاسپورٹ کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرارہے ہیں، نتاشا پاکستان 2 اگست 2024ء کو لندن سے کراچی آئی تھی اور بنا اجازت گاڑی لے کر نکلی تھی، یہ گاڑی دانش اقبال نہیں بلکہ کمپنی کی ملکیت ہے۔ مدعی فیملی سے صلح سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس بارے میں انہیں علم نہیں، پراسیکیوشن کی جانب 322 کا اطلاق غلط ہے، منشیات سے متعلق مقدمہ سمجھ سے بالاتر ہے، جو دفعات لگائی گئی ہیں ان کا اطلاق شراب پی کر گاڑی چلانے پر ہوتا ہے۔