(ویب ڈیسک ) پولیس نے جمع کروائے گئے عبوری چالان میں برطانوی لائسنس کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔
پولیس نے مقدمہ کا عبوری چالان عدالت میں جمع کرادیا۔چالان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ کے مطابق برطانیہ کے شہریوں کے لئے پاکستان میں گاڑی چلانے کے لئے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کا ہونا ضروری ہے، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے بغیر ڈرائیور ایسے لائسنس پر گاڑی چلانے کا مجاز نہیں۔
عبوری چالان کے مطابق 20 اگست کو لیڈی ایم ایل او نے ملزمہ نتاشہ کے خون اور یورین کے نمونے حاصل کئے ،شاہ عبد الطیف بھٹائی کے عرس کی وجہ سے عام تعطیل کے باعث سیمپل اگلے روز جمع کروائے گئے، نتاشہ کے شوہر دانش کو گاڑی کاغذات ، ڈرائیونگ لائسنس اور میڈیکل دستاویزات پیش کرنے کا پابند کیا گیا مگر پیش نہیں کئے۔
عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ دانش اقبال نے ملزمہ کی بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹس اور برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کی کاپی فراہم کیں، ملزمہ کے پاس پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں، ملزمہ کے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر دفعہ 322 کا اطلاق کیا گیا ، ملزمہ کے حادثے میں زیر استعمال گاڑی کی ماہرین سے رائے حاصل کی جارہی ہے، این سی ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو خط تحریری کیا ہے، این ای ڈی یونیورسٹی گاڑی کی اسپیڈ ، ایئر بیگ اور دیگر فنکشن کے حوالے سے معاونت کرے گی،۔
چالان کے مطابق حادثے میں ہونے والے املاک کے نقصان کے لئے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو خط لکھا ہے، گاڑی کی ملکیت کے لئے گل احمد ونڈ پاور کمپنی لمیٹڈ کو نوٹس جاری کیا ہے، ملزمہ کے برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لئے برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن کو خط تحریر کیا ہے، ملزمہ کے وکیل کی جانب سے پیش کئے گئے پاسپورٹ کی ٹریول ہسٹری کے لئے تحریر کیا ہے، گاڑی میں نصب ٹریکر کمپنی سے معلومات حاصل کرنے کے لئے خط تحریر کیا ہے۔
عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ پولیس سرجن کی رپورٹ میں پتہ چلا کہ ملزمہ نتاشہ وقت وقوعہ آئس کے نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلا رہی تھی، نشے کی حالت میں غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے 3 موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں عمران عارف اور آمنہ عمران موقع پر ہلاک ہوگئے، جبکہ عبدالسلام اور شین الیگزینڈر حادثے میں زخمی ہوئے۔
چالان کے مطابق میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ملزمہ نتاشہ کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کا علیحدہ مقدمہ درج کیا گیا ، ملزمہ کے خلاف روز وقوعہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعہ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے، سی سی ٹی وی کی فرانزک کے لئے لاہور بھیجا ہوا ہے۔
چالان میں مدعی مقدمہ ، زخمی افراد سمیت مجموعی طور پر 15 گواہان شامل کیے گئے ہیں۔