پی ٹی آئی نے جمعہ کے روز  بھرپور احتجاج کا اعلان کردیا

پی ٹی آئی نے جمعہ کے روز  بھرپور احتجاج کا اعلان کردیا

(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے جمعہ کے روز تمام صوبائی  سیٹوں پر بھر پور احتجاج کا اعلان کردیا۔

سیاسی کمیٹی اجلاس کے بعد چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا  اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پریس کانفرنس کی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ  جو کل کا 21 اپریل کا الیکشن ہوا یہ ایک ڈھونگ رچایا گیا، یہ ٹیکس پئیرز کے پیسوں کا ضیاع تھا۔ موبائل فون سروس پورے 24 گھنٹے قبل بند کر دی گئی، دنیا الیکشن میں شفافیت چاہتی ہے یہاں اندھیرے میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ   کل نجی چینلز کے نمائندوں کو پنجاب پولیس نے گجرات کے چوک سے اٹھایا، پولیس کی وردی میں ایجنسیز کے لوگوں نے کارروائی کی، ڈی پی او گجرات، ریٹرننگ آفیسر اس معاملے کی نگرانی کر رہے تھے۔

عمر ایوب نے کہا کہ  بحیثیت اپوزیشن لیڈر میرا اور چئیرمین تحریک انصاف کا راستہ روکا گیا، کل ہم 3 گھنٹے وہاں موجود رہے ہمیں کہا گیا کہ ہمیں آرڈر ہے آپ کو آگے نہ جانے دیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  شہباز شریف نے کم اور اس کی جگہ لڑنے والے امیدوار نے زیادہ ووٹ لیے۔ہماری الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت فیصل آباد سے آغاز کریں گے، کراچی میں بھی الائنس کے پلیٹ فارم سے احتجاج ہوگا۔

عمرایوب  نے کہا کہ  جمعہ کے روز تمام صوبائی سیٹوں پر بھرپور احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔ گجرات میں بھی ایک بڑا جلسہ کیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر: 

چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  کوشش ہوتی ہے بانی پی ٹی آئی کی رہائی یا مہنگائی کم ہونے کی بات کریں ، ووٹ کا دن اعتماد کا دن ہوتا ہے، کل جمہوریت کےلیے ایک شرم کا دن تھا۔انہوں نے کہا کہ   گجرات کے کئی پولنگ اسٹیشنز گئے ہم کانوں کو ہاتھ لگاتے رہے، جب پتہ چلا چیئرمین پی ٹی آئی آئے  تو بند دروازے کھولے گئے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ  750 ووٹوں کی جگہ 900 سے زائد ووٹ کاسٹ کروائے گئے۔ایک پولنگ سٹیشن پر امیدوار کے والد نے کہا کہ ووٹ تو پہلے ہی ڈل چکا۔ الیکشن کمیشن نے اس سارے عمل میں کچھ بھی نہیں کیا۔

بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ  کل پنجاب میں کھلی دھاندلی ہوئی، ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن فوری روکا جائے، اگر دھاندلی ہوئی ہے تو جیت کا نوٹیفکیشن کسی صورت نہیں ہونا چاہئے۔ الیکشن کمیشن نے ایسے کونسے اقدامات کیے کہ ایسے معاملات دوبارہ نہ ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ  الیکشن کمیشن عوام کو بتائے کہ ضمنی الیکشن میں عدلیہ سے آر او کیوں نہ لیے گئے، 24 گھنٹے ہوگئے ہم نے الیکشن کمیشن کو سب آگاہ کیا ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

سربراہ سنی اتحاد کونسل : 

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے کہا کہ  کل کے الیکشن کو الیکشن کہنا بھی توہین ہے، جس طریقے سے بے دردی اور گھناؤنے انداز میں الیکشن کروایا گیا، اس طرح کے شرمناک عمل کی مزمت کے الفاظ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  سیاست دانوں نے غداری اور دیگر دفعات کے مقدمات کا ٹھیکہ نہیں اٹھا رکھا، آئین پاکستان کا کھلم کھلا استحصال کیا گیا ہے، پنجاب اور وفاق کی حکومت پر غداری کی ایف آئی آر ہونی چاہیے،ہم ضمنی الیکشن کے  نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔