پاکستان نے بہت الزامات برداشت کئے، اب بس !

پاکستان نے بہت الزامات برداشت کئے، اب بس !
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے بہت الزامات برداشت کر لئے ہیں، اب یہ سلسلہ رک جانا چاہئے، اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان کا ڈالنے کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے، ہم امریکہ کو بار بار کہتے رہے کہ مذاکرات اور انخلا کے عمل کو ساتھ ساتھ چلنا چاہئے، ہماری رائے لئے بغیر اچانک انخلا کا فیصلہ لیا گیا۔ الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے ہوائی جہاز افغانستان سے عالمی برادری کے شہریوں کی مدد کرتے ہوئے انخلا میں ان کی مدد کر رہے ہیں،ہمارا سفارتخانہ دن رات لوگوں کی مدد کرنے میں مصروف ہے، لیکن بہت افسوس ہوتا ہے کہ اب بھی پاکستان کا کردار نہیں سراہا جا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کا نام ان ممالک کی فہرستوں میں بھی شامل نہیں کیا گیا جو انخلا میں معاونت کر رہے ہیں، افغانستان میں اجتماعی حکومت کے خواہش مند ہیں، یہی بات کہتے رہے ہیں کہ افغانستان میں حکومت کے تمام فریق مل کر اس مسئلے کو مذاکرات کی میز پر حل کریں، ہمسائیہ ملک میں انسانی حقوق کا احترام ہونا چاہیے۔