عمران خان اور شاہ محمودقریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت ملتوی

عمران خان اور شاہ محمودقریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت ملتوی
کیپشن: عمران خان اور شاہ محمودقریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت ملتوی

ویب ڈیسک: آفیشل سیکریٹ ایکٹ سے متعلق سائفر کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی،دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ  یہاں ڈونلڈ لو کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے،جن کی ہم غلامی کرتے ہیں ان کو بچایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکریٹ ایکٹ سے متعلق سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے،شاہ محمود قریشی کی جانب سے علی بخاری عدالت پیش ہوئے،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے علی ظفر اور خالد یوسف چوہدری عدالت پیش ہوئے۔بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ 

سائفر کیس کے مزید 4 گواہان کے بیانات قلمبند کروائے گئے۔ 

گواہان میں سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سیکٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر اوید ارشاد بھٹی اور سائفر اسسٹنٹ نعمان احمد شامل تھے۔

سائفر کیس میں سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کا بیان قلمبند  کیا گیا۔

سابق سیکرٹری خارجہ نے بیان دیا کہ ستمبر 2022ء کو میری ریٹائرمنٹ ہوئی،میری ریٹائرمنٹ تک سائفر کی کاپی وزارت خارجہ کو واپس موصول نہیں ہوئی تھی۔

سہیل محمود کے بیان کے دوران پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی مداخلت پر شاہ محمود قریشی نے اعتراض عائد کردیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سامنے لکھا ہوا بیان ان کے سامنے ہے،گواہ کو معلوم ہے کیابیان دیناہے،سابق سیکرٹری خارجہ دیانتدار آدمی ہیں، احترام۔کرتاہوں،میں جانتا ہوں آپ کیا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے بار بار بولنے پر شاہ محمود قریشی نے اعتراض عائد کر دیا اور کہا کہ بیان ریکارڈ کروانے والے کو بولنے کا موقع نہیں دیا جارہا۔

جج نے شاہ محمود قریشی سےمکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ صاحب ایسا نہیں ہوتا۔

شاہ محمود قریشی نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ  کرتے ہوئے کہ جو آپ کر رہے ہیں پھر لکھا ہوا فیصلہ لے آئیں،اگر پراسیکیوٹر رضوان عباسی بولیں گے تو پھر میں بھی بولوں گا۔

 بانی پی ٹی آئی بھی سماعت کے دوران روسٹرم پر آ گئے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ یہاں ڈونلڈ لو کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے،جن کی ہم غلامی کرتے ہیں ان کو بچایا جارہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پراسیکیوٹر کو بار بار بولنے کا کوئی اختیار نہیں ہے،یہاں ملک کا سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ کھڑے ہیں۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ شاہ صاحب اب بہت ہو گیا ہے پلیز اب آپ خاموش ہو جائیں،بیلنس ہو کر یہاں بات کریں ایسے مناسب نہیں۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ اگر پراسیکیوٹر بیلنس ہو کر چلتے تو دو دفعہ ہائی کورٹ ان کے خلاف فیصلہ نہ دیتی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ لو صاحب ہمارے ماسٹر ہیں ان کو بچایا جارہا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ سے متعلق سائفر کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

Watch Live Public News