امریکا کا افغان طالبان کے حملوں کیخلاف پاکستان کےحق دفاع کی حمایت کا اعلان

امریکا کا افغان طالبان کے حملوں کیخلاف پاکستان کےحق دفاع کی حمایت کا اعلان
کیپشن: امریکا کا افغان طالبان کے حملوں کیخلاف پاکستان کےحق دفاع کی حمایت کا اعلان

ویب ڈیسک: امریکا نے افغان طالبان کے حملوں کے خلاف پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت کردی۔

امریکی محکمہ خارجہ کی سیاسی امور کی سیکرٹری ایلیسن ہوکر نے کہا ہے کہ امریکا افغان طالبان کی جانب سے ہونے والے حملوں کے خلاف پاکستان کے مؤقف اور حقِ دفاع کی حمایت کرتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں ایلیسن ہوکر نے بتایا کہ ان کی پاکستان کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی اور خطے کی مجموعی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور پاکستان کو طالبان کی جانب سے حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک افغان کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ معاملات بہتر انداز میں نمٹا رہا ہے اور امریکا اس میں مداخلت نہیں کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے پاس ایک عظیم وزیرِاعظم اور باصلاحیت فوجی قیادت موجود ہے، جن کا وہ بے حد احترام کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاک افغان سرحدی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث خطے کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ امریکا کی جانب سے پاکستان کے حقِ دفاع کی حمایت کو اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔