بےشک دشمن کو جگہ دیں،پاکستان مخالف کردارنہ نبھائیں،خواجہ آصف کا سراج الدین حقانی کو پیغام

بےشک دشمن کو جگہ دیں،پاکستان مخالف کردارنہ نبھائیں،خواجہ آصف کا سراج الدین حقانی کو پیغام
کیپشن: بےشک دشمن کو جگہ دیں،پاکستان مخالف کردارنہ نبھائیں،خواجہ آصف کا سراج الدین حقانی کو پیغام

ویب ڈیسک: خواجہ آصف نے افغان طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دشمن عناصر کو اپنے ملک میں جگہ دیں تو یہ ان کا اختیار ہے، لیکن ان عناصر کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف کردار ادا نہ کریں۔

وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ سراج الدین حقانی اور ان کا خاندان ماضی میں پاکستان کے مہمان رہے، اور دہائیوں تک ان کی میزبانی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ میں دونوں فریق ایک ساتھ شریک رہے اور اس وقت دونوں کا ہدف ایک ہی تھا، جو امریکا کی جانب سے طے کیا گیا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان پر یہ الزام عائد کیا گیا کہ وہ حقانی نیٹ ورک کا سہولت کار ہے۔ انہوں نے سراج الدین حقانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو خود بتائیں کہ یہ الزام درست تھا یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغان دھڑوں کے درمیان اختلافات ختم کرانے میں کردار ادا کیا، یہاں تک کہ مکہ مکرمہ میں صلح کی کوششیں بھی کیں، تاہم اس کا صلہ مثبت انداز میں نہیں ملا۔

وزیر دفاع کے مطابق پاکستان نے بارہا کابل میں ملاقاتوں کے دوران درخواست کی کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیا جائے اور دشمن عناصر کی اعانت سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مالی تعاون کی درخواست بھی کی گئی جس پر پاکستان آمادہ تھا، تاہم اس کی کوئی ضمانت موجود نہیں تھی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حقانی نام ایک عظیم بزرگ سے منسوب ہے، اس کی لاج رکھی جائے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ روایت، ثقافت اور دین بھی یہی سکھاتے ہیں کہ جس ملک میں پناہ لی ہو، اس کی خیر خواہی کی جائے۔