یورپی یونین کا پاک افغان کشیدگی میں کمی اور مذاکرات پر زور

یورپی یونین کا پاک افغان کشیدگی میں کمی اور مذاکرات پر زور
کیپشن: یورپی یونین کا پاک افغان کشیدگی میں کمی اور مذاکرات پر زور

ویب ڈیسک: یورپی یونین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کایا کالاس نے جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی تشدد کی لہر پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے افغان ڈی فیکٹو حکام پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔

ادھر ترکیہ نے بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ تنازع کم کرنے کے لیے سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس کے بعد افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے بھی رابطہ کیا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مصالحت کے لیے مخلصانہ کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔

علاقائی اور عالمی سطح پر سفارتی سرگرمیوں میں تیزی کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔