لاہور:( پبلک نیوز ) این اے 133 ضمنی انتخاب کے لیےالیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اُمیدوار جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کے کاغذات مسترد کر دیئے ، ریٹرننگ افیسر نے محفوظ فیصلہ سُنا دیا. این اے 133ضمنی الیکشن ، جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے. ریٹرننگ افسر کا کہنا تھا کہ جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کےتجویز کنندہ کا تعلق این اے 133سے نہیں. لیگی رہنماء نصیر بھٹہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جمشید اقبال چیمہ کا تجویز کنندہ ماڈل ٹاون کا رہائشی ہے، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 60 کے تحت تجویز کنندہ اور تائید کنندہ موجودہ حلقہ کا ہونا چاہیے، الیکشن رولز کے تحت جمشید اقبال چیمہ الیکشن لڑنے کےلیے نااہل ہیں. دوسری جانب کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا. پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو این اے 133 لاہور کا الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کردی.پنجاب حکومت کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک این اے 133 لاہور کا الیکشن ملتوی کیا جائے، لاہور میں کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے حالات معمول پر آنے کے بعد این اے 133 ضمنی الیکشن کرانے کی درخواست کردی. پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کالعدم جماعت کے احتجاج کے باعث لاہور ضمنی الیکشن کی تیاروں سے قاصر ہیں، 19 نومبر کو خادم رضوی کی پہلی برسی کے موقع پر بھی حالات کشیدہ ہوسکتے ہیں.واضح رہے کہ این اے 133کے الیکشن 5دسمبر کو شیڈول ہیں ، این اے 133کی سیٹ ن لیگ کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال پر خالی ہوئی تھی.