ویب ڈیسک:2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ کی جنرل نشست پر آزاد امیدوار فیصل ووڈا کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے 6 ارکان سندھ اسمبلی کو فیصل ووڈا کو ووٹ دینے کی ہدایت کی ہے، پیپلزپارٹی کی حمایت سے آزاد امیدوار فیصل ووڈا کی سینٹ کے جنرل نشست پر کامیابی یقینی ہوگئی، تاہم فیصل ووڈا کو 6 ووٹ دینے پر پیپلزپارٹی 7 جنرل نشستوں میں سے 5 پر کامیابی حاصل کرسکے گی جب کہ ایم کیوایم نے بھی آزاد امیدوار فیصل ووڈا کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے، سینٹ کی 12 نشستوں کے لئے پولنگ سندھ اسمبلی میں 2 اپریل کو ہوگی۔
اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ جب پارٹی کا سیزن چلے گا تو پارٹی دیکھ لیں گے، ابھی تک تو میں کسی کو جوائن نہیں کررہا کیوں کہ آزاد کا سیزن چل رہا ہے،اس لیے میں بھی ابھی تک آزاد ہوں اور آزاد ہی آؤں گا، ہار اور جیت کا الیکشن کے دن پتہ چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے یہ ضرور کہا آصف زرداری کے بیٹے جیسا ہوں کیوں کہ آصف زرداری نے مجھے بیٹے کی طرح مخاطب کیا ہے لیکن میں ایک ہی پارٹی میں آیا تھا، جس میں 15سال کام کیا۔
پارٹی کی کچھ غلطیاں تھیں، جب پارٹی اور چیئرمین آسمان سے باتیں کررہےتھے تو مجھے نکال دیا گیا، اب تو میں ان کے بارے میں ہنس کر ہی بات کرسکتا ہوں۔
واوڈا نے کہا کہ عمران خان کو سمجھایا ان کو سمجھ نہیں آیا، اب بھی سمجھ نہیں آ رہا، عمران خان سے گذارش ہے مولا جٹ کی سیاست چھوڑیں اور جمہوری راستہ نکالیں۔