آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات: وزیراعظم شہباز شریف تہران پہنچ گئے

آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات: وزیراعظم شہباز شریف تہران پہنچ گئے
کیپشن: آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات: وزیراعظم شہباز شریف تہران پہنچ گئے

ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ  گئے ہیں، جہاں وہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔

سرکاری پروگرام کے مطابق وزیراعظم ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد دوطرفہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ تہران سے استنبول جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی، جس کے لیے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میت کو گرینڈ مصلیٰ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جنازے کے جلوس میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ نمازِ جنازہ کے بعد میت کو قم، نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، جس کے بعد دوبارہ ایران لا کر مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ آخری رسومات کے سلسلے میں 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل جبکہ 8 جولائی کو یومِ سوگ منانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔