(ویب ڈیسک)دنیا بھر میں کئی شاندار اور حیرت انگیز پل موجود ہیں، مگر ایک ایسا بھی پل ہے جو اپنی منفرد جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے سب سے الگ نظر آتا ہے۔ کازنگولا پل ( Kazungula Bridge) ایک ایسا پل ہے جہاں کھڑے ہو کر بیک وقت چار ممالک کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔
یہ پل دریائے زیمبیزی پر واقع ہے اور زیمبیا( Zambia) اور بوٹسوانا( Botswana) کو آپس میں ملاتا ہے۔ اس کی لمبائی تقریباً 923 میٹر اور چوڑائی 18.5 میٹر ہے، جس میں دو گاڑیوں کے لیے سڑک، ایک ریلوے ٹریک، اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستے شامل ہیں۔ اسے مئی 2021 میں عوام کے لیے کھولا گیا۔
اس پل کی سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جہاں یہ دو ممالک کو جوڑتا ہے، وہیں اس کے قریب ہی نمیبیا ( Namibia) اورزمبابوے( Zimbabwe) بھی واقع ہیں۔اس طرح یہاں کھڑے ہو کر ایک ساتھ 4 ممالک دیکھنا ممکن ہو جاتا ہے۔
یہ مقام کازنگولا کواڈری پوائنٹ ( Kazungula Quadripoint) کے نام سے جانا جاتا ہے، جسے دنیا کا واحد ایسا مقام سمجھا جاتا ہے جہاں چار ممالک ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ اگرچہ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ درحقیقت یہ ایک “کواڈری پوائنٹ” نہیں بلکہ دو الگ “ٹرائی پوائنٹس” ہیں، مگر یہ بحث ابھی تک حتمی طور پر طے نہیں ہو سکی۔
چاہے اس کی جغرافیائی حیثیت پر اختلاف کیوں نہ ہو، یہ جگہ اپنی خوبصورتی اور انفرادیت کی وجہ سے بے حد متاثر کن ہے۔
ایک سیاح نے اپنے تجربے میں لکھا کہ یہ پل نہ صرف چار ممالک کے سنگم پر واقع ہے بلکہ یہاں سے غروبِ آفتاب کا منظر انتہائی دلکش ہوتا ہے اور تصاویر بنانے کے لیے بہترین مقام ہے۔