ٹرمپ کی رہائشگاہ کی  فضائی حدود کی خلاف ورزی، جنگی طیارے حرکت میں آگئے

ٹرمپ کی رہائشگاہ کی  فضائی حدود کی خلاف ورزی، جنگی طیارے حرکت میں آگئے

(ویب ڈیسک) نیو جرسی میں  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائشگاہ بیڈمنسٹر کے اوپر فضائی حدود کی خلاف ورزی پر امریکی جنگی طیارے فوری حرکت میں آ گئے۔

نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (NORAD) کے مطابق اتوار کی دوپہر تقریباً 12:50 بجے ایک نجی مسافر طیارہ غلطی سے پابندی شدہ فضائی حدود میں داخل ہو گیا، جس کے بعد فوری طور پر لڑاکا طیارے روانہ کیے گئے۔

پائلٹ کو متوجہ کرنے کے لیے جنگی طیاروں نے روشنی چھوڑنے والے فلیئرز فضا میں چھوڑے، جو کچھ ہی لمحوں میں ختم ہو جاتے ہیں اور زمین پر موجود افراد کے لیے خطرناک نہیں ہوتے۔

NORAD کا کہنا ہے کہ اتوار کے دن یہ دوسرا واقعہ تھا، جب کہ پورے ویک اینڈ کے دوران پانچ بار فضائی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

ادارے نے تمام نجی پائلٹس کو ہدایت کی ہے کہ پرواز سے قبل فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور نوٹسز خصوصاً 9839، 9840، 9841 اور 9842 کو ضرور پڑھیں تاکہ اس قسم کی خلاف ورزیوں سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ واقعے کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ اپنی رہائشگاہ پر موجود تھے اور شام کو واشنگٹن ڈی سی روانہ ہوئے۔

Watch Live Public News