(ویب ڈیسک ) خطبہ حج کا ترجمہ براہِ راست " منارۃ الحرمین" پلیٹ فارم اور اس کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا گیا۔
مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کی دیکھ بھال کرنے والی جنرل اتھارٹی نے صدارت برائے مذہبی امور کے تعاون سے اس سال کے خطبہ حج کا ترجمہ 35 بین الاقوامی زبانوں میں کیا۔ یہ اقدام " خطبہ حج کے ترجمے کے لیے خادمِ حرمین شریفین منصوبے" کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں تک خطبہ کا پیغام ان کی مادری زبان میں پہنچانا ہے۔
خطبہ حج کا یہ ترجمہ براہِ راست " منارۃ الحرمین" پلیٹ فارم اور اتھارٹی کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ " توکلنا" ایپ، صدارت کی آفیشل ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب تھا ، تاکہ دنیا کے کسی بھی حصے سے مسلمان با آسانی اس عظیم خطبے کو سن سکیں۔
86 افراد پر مشتمل ماہر ٹیم نے اس منصوبے کی تکمیل میں حصہ لیا، جنہوں نے رہنمائی، سمت کا تعین، بیک وقت ترجمہ جیسے فرائض انجام دیے، تاکہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس کے علاوہ، مسجد الحرام اور مسجد نمرہ میں معلوماتی کارڈز کی تقسیم کے لیے بھی خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں، تاکہ خطبہ عرفہ کا پیغام زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جا سکے۔
یہ تمام اقدامات جدید ٹیکنالوجی اور میڈیا سروسز کے تحت کیے جا رہے ہیں، جن میں بیک وقت ترجمہ، متعددزبانوں میں نشریات اور میڈیا پروڈکشن شامل ہیں، تاکہ حجاج کرام کا روحانی تجربہ مزید مؤثر اور بامعنی بنایا جا سکے۔