(ویب ڈیسک ) سابق قومی کرکٹر عبدالرزاق نے بھارتی اداکارہ تمنا بھاٹیا کے ساتھ تعلقات کی خبروں کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کے درمیان کوئی ذاتی رشتہ نہیں ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عبدالرزاق نے بتایا کہ ان کی تمنا بھاٹیا سے ملاقات تقریباً 12 سال قبل ایک تقریب میں ہوئی تھی، جس کے بعد کبھی کوئی رابطہ نہیں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک تقریب کے دوران کچھ رسمی گفتگو ہوئی تھی، جسے غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
عبدالرزاق نے تمنا کو ایک باصلاحیت اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس موقع پر کیے گئے سوالات کے بہتر انداز میں جواب دیے۔ انہوں نے کہا کہ "ایک شوٹ ہوا، سب ختم ہو گیا۔ بس اتنی سی بات تھی، اس کے بعد کچھ بھی نہیں"۔
دوسری جانب، تمنا بھاٹیا نے بھی حال ہی میں ایک بھارتی ٹی وی شو میں ان افواہوں پر بات کرتے ہوئے انہیں "شرمناک اور غیر حقیقی" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور عبدالرزاق محض ایک جیولری اسٹور کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے تھے، اور ان کے درمیان کسی قسم کا ذاتی تعلق نہ پہلے تھا، نہ اب ہے۔
اداکارہ نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو اس شہر کا نام بھی یاد نہیں جہاں وہ گئی تھیں، مگر انٹرنیٹ پر ان کی اور عبدالرزاق کی شادی کی خبریں پھیلا دی گئیں۔
انہوں نے عبدالرزاق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "معاف کیجئے گا سر، آپ کے تو بچے بھی ہیں۔"
تمنا نے مزید کہا کہ یہ حیران کن اور افسوسناک ہوتا ہے جب لوگوں سے کوئی تعلق نہ ہو اور پھر بھی افواہیں پھیلائی جائیں، لیکن بدقسمتی سے اس پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا۔