الیکشن کمیشن کی وزیراعلیٰ بلوچستان کی بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن کی وزیراعلیٰ بلوچستان کی بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد
کیپشن: الیکشن کمیشن کی وزیراعلیٰ بلوچستان کی بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پولنگ شیڈول برقرار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔

تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن مقررہ تاریخ 28 دسمبر کو ہی ہوں گے۔ فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت آئین کے تحت الیکشن کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور ووٹرز، امیدواروں، عوام اور پولنگ اسٹاف کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ فیصلے کے مطابق کوئٹہ میں پرامن اور بلا تعطل پولنگ الیکشن کمیشن کی ترجیح ہے۔

دوسری جانب ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے نوٹ لکھا ہے۔ ان کے مطابق شدید سردی کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ کم رہنے کا خدشہ ہے اور لوگ موسم کی شدت کے باعث دیگر اضلاع کا رخ کر جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی انتخابات کیلئے موزوں نہیں، اس لیے کوئٹہ کے بلدیاتی الیکشن موسم اور سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے تک ملتوی کیے جانے چاہئیں۔

Watch Live Public News