ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف ادبی شخصیت، ڈراما نویس، مصنفہ اور شاعرہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال لاہور میں ہوگیا۔ ان کے انتقال کی تصدیق پاکستانی مصنف اور ڈراما نویس اصغر ندیم سید نے کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اصغر ندیم سید نے بتایا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے اپنی ابتدائی تعلیم گورنمنٹ کالج لاہور سے حاصل کی اور ایم اے اردو کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ایسٹ ویسٹ سینٹر، یونیورسٹی آف ہوائی سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔
عارفہ سیدہ زہرا نے 1986 سے 2009 تک گورنمنٹ کالج فار ویمن گلبرگ لاہور کی پرنسپل کے طور پر خدمات انجام دیں اور اپنی تعلیمی خدمات کے ذریعے لاکھوں طالبات کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائیں۔
وہ 7 زبانوں پر عبور رکھتی تھیں اور تعلیمی، انتظامی، سماجی اور ثقافتی کمیٹیوں کی رُکن بھی رہ چکی تھیں۔ ان کی ادبی خدمات اور سماجی کام ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔