پی ٹی آئی کا فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ فوری منظر عام پر لانے کا مطالبہ 

پی ٹی آئی کا فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ فوری منظر عام پر لانے کا مطالبہ 

(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ فوری منظر عام پر لانے کا مطالبہ کردیا، کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ضرورت پر بھی زور  دیا۔

ترجمان تحریک انصاف  کا کہنا ہے کہ   فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ کے مختلف صحافتی ذرائع سے سامنے آنے والے مندرجات کئی پہلوؤں سے اہم ہیں،  اس رپورٹ کے مصدقہ مندرجات سے آگاہی قوم کا بنیادی حق ہے، بلاتاخیر منظرِعام پر لایا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ   کمیشن نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت نون لیگی حکومت کی کابینہ کی کلیدی شخصیات کی گواہی کی روشنی میں شہبازشریف اور اس کی پنجاب حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے،  شہبازشریف میں رتّی بھر شرم اور حیا باقی ہے تو مستعفیٰ ہو اور اپنی مجرمانہ کوتاہیوں کا جواب قوم کو پیش کرے۔

ترجمان پی ٹی آئی  کا کہنا ہے  کہ  سپریم کورٹ دھرنا کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں شہباز شریف اور اس کی کابینہ کیخلاف فوجداری مقدمات کے اندراج کے احکامات بھی صادر کرے،   کمیشن نے نون لیگ کے ریاستی اداروں اور ان سے منسلک شخصیات کے خلاف نفرت انگیز مہم بھی کھل کر سامنے آئی،  بند دروازوں کے پیچھے پیروں میں لیٹنے اور باہر بھڑھکیں ہانک کر سیاسی الّو سیدھا کرنا نون لیگ کی پہچان بن چکا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ  اہم قومی و حکومتی امور پر بننے والی کمیشنز کی رپورٹ دبا کر اپنے جرائم چھپانا اور ذمہ داروں کو بچانا بھی اقتدار پر غاصب مجرموں کا وطیرہ ہے،  ایک نااہل، نکمّے اور نالائق شخص کو عوامی مینڈیٹ پر کھلا ڈاکہ ڈال کر اقتدار سونپنے کی شرمناک رسم سےپوری انتظامی ڈھانچے کی تباہی و بربادی کا سلسلہ آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ   کمیشن نے اپنی سفارشات میں خفیہ ایجنسیوں اور اداروں کے سیاست میں کردار پر بھی لب کشائی کی ہے جس کی حقیقت قوم پر کھلنا اہم ہے،  چیف جسٹس آف پاکستان رپورٹ کو منظرِعام پر رکھنے اور کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد سمیت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کریں۔