(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب کے دورہ کے اختتام پر بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب اورپاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہات مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہیں ،آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان تشریف لارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کاروباری شخصیات کے وفد سے دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہوگی۔قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لئے پوری محنت سے کام کریں گے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے، دو ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی ترین سطح پر ریکارڑ وفود کا تبادلہ ہوا ہے ۔
شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب میں تین روزہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، نہایت مفید بات چیت ہوئی ، عالمی اقتصادی فورم میں عالمی راہنماﺅں سے ملاقاتیں ہوئیں، کثیرالجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوئی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ اکنامک فورم پر واشگاف انداز میں بیان کیا کہ دنیا کو پرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزراء کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں، اس کے لئے بھی بے حد شکر گزار ہیں ۔ سعودی عرب کے وزرا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے قیادت کے درمیان مفاہمت پر عمل درآمد کے لئے بھرپور تیاری کی۔