ایک اور وعدے کی تکمیل: لاہور میں فری وائی فائی کا آغاز کردیا گیا

ایک اور وعدے کی تکمیل: لاہور میں فری وائی فائی کا آغاز کردیا گیا
کیپشن: Another promise fulfilled: Free Wi-Fi launched in Lahore

ویب ڈیسک: وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن" میری آواز، مریم نواز" کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور میں 100جدید ایمرجنسی پینک 15 بٹن کا بھی اجرا کر دیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کے 50 مقاماتِ پر فری وائی فائی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کر دیا۔ جنوبی ایشیا میں پہلی بارلاہور میں آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے 19 ٹریفک خلاف ورزیوں پرچالان شروع کردیے گئے۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خواتین 15 کال، ویمن سیفٹی ایپ لائیو چیٹ فیچر، ویڈیو کال فیچر، پنجاب پولیس ایپ اور سیف سٹی ویب پورٹل کے ذریعے ورچوئل پولیس سے رابطہ کر سکتی ہیں۔ 

وزیراعلی کی خصوصی ہدایات پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن قائم کیا گیا۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں آئی ٹی گریجوایٹ خاتون پولیس کیمونیکیشن افسران کو تعینات کیا گیا۔ 

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں خواتین کی ہراسگی سمیت تمام درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں خواتین نام اور پتہ ظاہر کیے بغیر مکمل رازداری اور اعتماد کے ساتھ اپنا مسئلہ شیئر کرسکتی ہیں۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی بدولت خواتین کو غیرضروری طور پر تھانے کے چکر نہیں لگانا ہوں گے۔ 

انہوں نے بتایا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں لائیو ویڈیو کال فیچر بھی متعارف کروا گیا ہے۔ خواتین ویڈیو کال فیچر کے ذریعے بھی اپنی لوکیشن سمیت درپیش مشکلات کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج سے انویسٹی گیشن اور ٹرائل کے تمام مراحل میں راہنمائی فراہم کریگا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ لاہور بھر میں 50 سے زائد مقامات پر" سی ایم مریم نواز فری وائی فائی" سروس کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ یونیورسٹی اور کالجوں ،مارکیٹ، چوراہوں اور بازاروں میں نصب پینک 15 بٹن دبا کر فوراً سیف سٹی سے رابطہ ممکن ہے۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کا دورہ کیا اور مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ویمن کمیونیکیشن آفیسر سے ملاقات بھی کی اور گفتگو کی۔ مریم نواز نے خواتین آفیسرز کے لیے ہاسٹل اور ڈے کیئر سینٹر کی جلد تکمیل کی ہدایت کردی۔