ویب ڈیسک: پہاڑ جیسا حوصلہ، کمال کی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کی مالک سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کا 17 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 2 بارپاکستان کی وزیراعظم بننےوالی بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں سیاسی مخالفین کے ساتھ جنرل ضیا اورجنرل مشرف کی آمریتوں کا مقابلہ کیا۔بے نظیربھٹو 2007 میں جلا وطنی ختم کرکے پاکستان پہنچیں تو پہلے 18 اکتوبر کو استقبالی جلوس میں دھماکے ہوئے جن میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوئے۔پھر27 دسمبر2007 کو بے نظیربھٹو روالپنڈی لیاقت باغ میں جلسے سے واپسی پرجان لیوا حملے میں عوام کی محبوب قائد دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
لاڑکانہ میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر کارکنوں اور رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نوڈیرو پہنچ گئے ہیں۔
آصف علی زرداری نے گڑھی خدا بخش میں مزار پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اورپھولوں کی چادرچڑھائی۔
دوسری جانب بی بی شہید کی برسی کےجلسے کےانتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
صدرمملکت آصف زرداری
ےنظیربھٹو کی برسی پرجاری کیےگئےپیغام میں صدرمملکت آصف زرداری نے کہا بےنظیر نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھاجہاں عوام کی طاقت راج کرے،شہید کے الفاظ’’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘‘ آمریت کا منہ توڑ جواب تھے۔
بےنظیر بھٹوکا عوامی طاقت پرگہرا اعتماد تھا،بےنظیر ایسے پاکستان کی خواہاں تھیں جہاں ہر بچے کوتعلیم تک رسائی ہو،،شہید بی بی نے تمام زندگی پسے ہوئے طبقات کی خودمختاری کیلئے کام کیا،ملک کو چیلنجز سےنکالنے کے لیے شہید بی بی کے نظریات پر عمل کی ضرورت ہے،
آئیے شہید بے نظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کیلئے ہم سب مل کر کام کریں،شہید بے نظیر بھٹو کی میراث ابدی اور نظریات مشعل راہ ہیں،پاکستان کھپے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف
بے نظیر بھٹو کی برسی پر جاری کیے گئے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 17ویں برسی منا رہے ہیں۔بے نظیر بھٹو، ہمت اور استقامت کی علامت بنیں، میثاق جمہوریت بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی پائیدار سیاسی سمجھ بوجھ کا ثبوت ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ میں بے نظیر بھٹو شہید کے خاندان کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خاص طور پر صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو فخر کے ساتھ شہید محترمہ کا وژن اور نظریات آگے بڑھا رہے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر پیغام دیتے ہوئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے 17ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بی بی شہید کی بے مثال قربانیوں، غیر متزلزل قیادت اور پاکستان کے لیے ان کی پائیدار میراث کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی جراَت، استقامت اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور زندگی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے گہرائی سے جڑی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو کی طرح، شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں،ہم ان اہم عالمی اشوز پر اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہیں،جمہوریت اور آئینی حکمرانی کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے قوم متحد ہو جائے،بی بی شہیدکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے خواب کو حقیقت بنایا جائے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مسلم دنیا کی عظیم لیڈر، دختر مشرق اور سابق وزیراعظم، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی پر ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جمہوریت، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے ایک نئی مثال قائم کی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد اور اصولوں پر مبنی قیادت پاکستان کے عوام کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو 17 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت ملک کے لیے ایک بہت بڑا سانحہ تھا۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک نڈر لیڈر تھیں ۔محترمہ بینظیر بھٹو دھمکیوں اور سیکیورٹی خدشات کے باوجود وطن واپس آئیں۔محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہادت قبول کی لیکن پیچھے نہیں ہٹیں۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو غریب اور پسے ہوئے طبقے کی امید تھیں۔شہید محترمہ بینظیو بھٹو کے بیٹے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اپنی والدہ کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک وژنری رہنما، جمہوریت کی علمبردار، جرات اور جدوجہد کی لازوال علامت تھیں، شہید بی بی پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں، عوام کے لیے ان کی قربانیاں بے مثال ہیں،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری نے شہید بی بی کے ویژن و وراثت کو آگے بڑھایا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے دانشمندی اور استقامت کے ساتھ چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے جمہوری اور خوشحال پاکستان کے شہید بی بی ویژن کو برقرار رکھا،شہید بے نظیر بھٹو کی روح ان تمام لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے جو ان کے ویژن کے لیے جوجہد کر رہے ہیں۔