ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی مذاکرات میں اپنے لیے گنجائش نہیں ڈھونڈ رہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد کا مرکز قانون کی حکمرانی ہے، ہم تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ملک میں سیاسی استحکام لانا چاہتے ہیں، سیاسی استحکام سے سماجی اور معاشی استحکام جڑا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اخلتلاف عمرایوب نے کہا ہے کہ ہرسال 550 ارب کا پیٹرول ایران سے اسمگل ہو کر پاکستان آرہا ہے، اس کا ذمہ دار کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ملک میں مکمل امن تھا، آپ کو کچے کے ڈاکو نظر نہیں آتے، موجودہ حکومت نے 3 صوبوں کو مکمل نظر اندازکر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب اس وقت خسارے میں ہے، جبکہ خیبر پختو نخوا سرپلس دکھا رہا ہے، وفاقی حکومت نے کے پی کو ابھی تک 1500ارب روپے ادا نہیں کیے، انٹرنیٹ کے ذریعے انفارمیشن ہر جگہ پہنچ جاتی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، تمام معاملات بات چیت سے حل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو ہمارے معاملات میں مداخلت کا حق نہیں ہے، افغانستان کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نئی پالیسی بنائی جائے۔