بیگم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک، بی این پی رہنما کا تازہ ترین بیان

بیگم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک، بی این پی رہنما کا تازہ ترین بیان

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ( بی این پی) کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری جنرل رُہل کبیر رضوی نے کہا ہے کہ صرف بی این پی رہنما اور کارکن ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام بیگم خالدہ ضیا کی بیماری پر شدید تشویش اور ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔

منگل کے روز  دارالحکومت میں اپنے گھر پر قرآن خوانی اور صدقۂ جاریہ کے لیے بکرے ذبح کرانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رضوی نے کہا کہ وہ خالدہ ضیا کی صحت یابی کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں۔
انہوں نے کہا ’’ خالدہ ضیا اس ملک میں عوامی اعتماد کی علامت ہیں، ہم اللہ سے ہی دعا کرتے ہیں کہ وہ ہماری قائد کو شفا دے، خالدہ ضیا نے ہمیشہ ملک کا ساتھ دیا‘‘۔

رضوی کا کہنا تھا کہ بیگم خالدہ ضیا نے مشکل ترین حالات میں قوم کی رہنمائی کی، ملک نہیں چھوڑا اور بار بار سیاسی طور پر نشانہ بنائے جانے کے باوجود عوام کے ساتھ ڈٹی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ’ آج صرف بی این پی ہی نہیں بلکہ پارٹی سے ہٹ کر بھی بے شمار لوگ ان کی صحت کے لیے فکرمند اور دعاگو ہیں، ان کی بیماری نے لوگوں کے دلوں میں گہری بے چینی پیدا کر دی ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔‘‘

رضوی نے بتایا کہ خالدہ ضیا کی صحت یابی کے لیے قرآن خوانی کروائی گئی ،ہمیں یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ دعائیں، قرآن پاک کی تلاوت اور صدقۂ جاریہ قبول فرمائے گا۔‘‘

واضح رہے کہ بیگم خالدہ ضیا کو 23 نومبر کو مختلف طبی پیچیدگیوں کے باعث ایور کیئر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ حالت بگڑنے پر انہیں 27 نومبر کو CCU منتقل کیا گیا، جہاں وہ ڈاکٹرز کی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں۔

Watch Live Public News