ویب ڈیسک: امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر میں اسرائیل کی حمایت میں نکالی جانے والی ایک ریلی پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
بولڈر پولیس چیف کے مطابق، واقعے کے فوراً بعد تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ واقعے کی حساس نوعیت کے پیش نظر وفاقی تحقیقاتی ادارے (FBI) نے اس واقعے کی دہشت گردی کے پہلو سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
کولوراڈو کے گورنر نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نفرت اور تشدد پر مبنی کارروائیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا میں دہشت گردی یا شدت پسندی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی بمباری مسلسل جاری ہے، جس کے نتیجے میں بچوں، خواتین اور بے گناہ شہریوں کی بڑی تعداد شہید ہو چکی ہے۔ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جس پر دنیا بھر میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔