ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے آزادانہ و شفاف انعقاد کا معاملہ، پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ملک بھر سے ذیلی تنظیمیں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کی جزئیات سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ ماضی کے تجربے سے ثابت ہے کہ فوج کو سیکورٹی پر مامور کئے بغیر کروائے جانے والے انتخابات شکوک و شبہات کی زد میں رہتے ہیں۔ سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی عدم موجودگی دھاندلی کے راستے کھلے ہیں۔ مقامی سیاسی کھلاڑی جعلی ووٹوں سے لیکر نتائج میں خرد برد تک انتخابات میں دھاندلی کا سہارا لے سکتے ہیں۔ انھوں نے لکھا کہ ہماری سوچی سمجھی رائے یہی ہے کہ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کے لیے فوج سے معاونت حاصل کی جائے۔ امن و امان کا ماحول قائم رکھنے کیلئے فوج کے جوانوں کو پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے۔ موجودہ حالات میں جمہوریت کو دھاندلی اور تشدد سے پاک رکھنا اور بھی زیادہ ضروری اور اہم ہے۔