(ویب ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دیدی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وہ بھارت پر روسی تیل کی خریداری کی وجہ سے ٹیرف میں نمایاں اضافہ کریں گے۔
امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ " بھارت نہ صرف روسی تیل کی بڑی مقدار خرید رہا ہے، بلکہ وہ اس خریدے گئے تیل کا بڑا حصہ کھلے بازار میں بیچ کر بھاری منافع کما رہا ہے۔ انہیں کوئی پرواہ نہیں کہ یوکرین میں روسی جنگی مشین کتنے لوگوں کو مار رہی ہے،"
انہوں نے کہا کہ "اسی وجہ سے، میں بھارت کی طرف سے امریکہ کو ادا کیے جانے والے ٹیرف میں نمایاں اضافہ کروں گا۔"
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ نیا ٹیرف کتنا ہوگا۔
گزشتہ ہفتے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف عائد کریں گے اور دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت کو ایک غیر متعین سزا کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، تاہم انہوں نے تفصیلات نہیں دیں۔