ایلون سے "بہت مایوس" ہوں، امریکی صدر ٹرمپ کی مسک پر تنقید

ایلون سے

(ویب ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایلون مسک کی جانب سے ریپبلکن پارٹی کے پالیسی بل پر تنقید پر سخت ردِعمل دیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایلون سے ہمیشہ خوش رہے، لیکن اب وہ ان سے "بہت مایوس" ہیں۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں جرمن چانسلر کے ساتھ ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،" ایلون نے بل کے خلاف جو باتیں کی ہیں وہ حیران کن ہیں۔ وہ میرے بارے میں تو کچھ برا نہیں کہتا، لیکن میں چاہتا کہ وہ مجھے تنقید کا نشانہ بناتا، بل کو نہیں، کیونکہ یہ بل شاندار ہے۔"

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ یہ بل امریکا کی تاریخ کا "سب سے بڑا ٹیکس کٹ" ہوگا، اور یہ خاص طور پر درمیانے طبقے اور چھوٹے کاروباروں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

انہوں نے کہا، " ایلون اس لیے ناراض ہے کیونکہ ہم نے الیکٹرک گاڑیوں پر دی جانے والی سبسڈی ختم کر دی ہے، جو بائیڈن حکومت نے متعارف کرائی تھی۔ وہ سبسڈی ان کے لیے بہت بڑی مالی مدد تھی۔"

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایلون مسک اس لیے بھی  ناراض ہیں کیونکہ وائٹ ہاؤس نے ان کے قریبی ساتھی جارڈ آئزک مین کی ناسا کی سربراہی کے لیے نامزدگی واپس لے لی۔

امریکی صدر نے کہا کہ "وہ ایک ڈیموکریٹ تھا، اور مجھے مناسب نہیں لگا کہ ہم اُسے چُنیں،"۔

ٹرمپ نے کہا، " ایلون جانتے تھے کہ بل کے اندر کیا ہے۔ میں نے ایلون کی کافی مدد کی ہے، اس لیے ان کی تنقید سے مایوسی ہوئی ہے۔"

ایلون مسک نے ٹرمپ کی ان باتوں پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (پہلے ٹوئٹر) پر ردعمل دیا اور کہا، "جو بھی ہو۔" انہوں نے مزید طنزیہ انداز میں کہا،"تاریخِ انسانی میں کبھی ایسا بل نہیں آیا جو اتنا 'بڑا اور خوبصورت'  بھی ہو۔"

یاد رہے، ایلون مسک نے حال ہی میں ٹرمپ حکومت کو باضابطہ طور پر چھوڑا  تھا۔

یہ بل ٹرمپ کی 2017 کی ٹیکس چھوٹ کو مزید آگے بڑھائے گا، ٹِپ اور اوورٹائم پر ٹیکس ختم کرے گا، امیگریشن انفورسمنٹ اور فوجی بجٹ میں اضافہ کرے گا،  جبکہ میڈیکیڈ اور سپلیمینٹل نیوٹریشن اسسٹنس پروگرام (SNAP) میں کٹوتی کرے گا اور قومی قرضے کی حد میں 4 ٹریلین ڈالر تک اضافہ کرے گا۔

کانگریس کے غیر جانبدار ادارے کانگریشنل بجٹ آفس (CBO)کے مطابق، اس بل سے آئندہ 10 سالوں میں قومی قرضے میں 2.4 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

Watch Live Public News