اسلام آباد: سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں عدلیہ اور افواج پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں کریں گی، الیکشن کمیشن کی کسی بھی شکل میں تضحیک سے اجتناب کیا جائے، پولنگ ڈے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے۔ ضابطہ اخلاق کے مطا بق کسی بھی امیدوار کو رشوت سے دستبردار کروانے سے گریز کیا جائے، عام نشستوں کے لئے خواتین کو 5 فیصد نمائندگی دی جائے، امیدوار انتخابابی اخراجات کے لئے مخصوص اکاؤنٹ کھلوانے کا مجاز ہوگا۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ جلسے، جلوسوں میں اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی، صدر، وزیراعظم سمیت وزراء حلقے میں سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے، الیکشن کمیشن نے منظور کردہ سائز کے بینرز، پوسٹرز اور پینافلکس استعمال کئے جائیں، کوئی بھی مخالف سیاسی جماعت کے بینرز نہ اتارے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق جلسے سے قبل انتظامیہ سے اجازت لازم ہوگی، انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر پابندی ہوگی، پولنگ ڈے پر پولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر کے اندر انتہابی مہم نہیں چلائی جاسکتی، پولنگ اسٹیشن کے اندر سیاسی جھنڈے یا بینرز کے داخلے پر پابندی ہوگی۔