امریکی سیاست میں ہلچل،ایلون مسک کا ڈونلڈ ٹرمپ کےمواخذےکامطالبہ

امریکی سیاست میں ہلچل،ایلون مسک کا ڈونلڈ ٹرمپ کےمواخذےکامطالبہ
کیپشن: امریکی سیاست میں ہلچل،ایلون مسک کا ڈونلڈ ٹرمپ کےمواخذےکامطالبہ

ویب ڈیسک: امریکی سیاست میں ہلچل، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ ایلون مسک نے امریکی صدر کے مواخذے کا مطالبہ کرتے ہوئے جے ڈی وینس کو متبادل کے طور پر تجویز کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے صدر ٹرمپ پر شدید تنقید کے بعد نہ صرف سیاسی فضا میں کشیدگی بڑھی بلکہ اس کے اثرات مالیاتی منڈی پر بھی نمایاں ہوئے۔ ٹیسلا کے حصص میں 14 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جسے ماہرین اس تنازع کا براہِ راست نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ناسا کی سربراہی کے لیے جیرڈ آئزک مین کی نامزدگی بھی واپس لے لی گئی ہے، جو ایلون مسک کی سفارش پر کی گئی تھی۔ ایلون مسک اب مبینہ طور پر ایک نئی سیاسی جماعت بنانے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری اپنے بیان میں ایلون مسک نے دعویٰ کیا کہ “وقت آ گیا ہے کہ سچ سامنے لایا جائے۔” انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایپسٹین فائلز کو صرف اس وجہ سے منظرِ عام پر نہیں لایا گیا کیونکہ ان میں صدر ٹرمپ کا نام شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا، "ایپسٹین جنسی اسکینڈل کی فائلوں میں صدر ٹرمپ کا کردار چھپایا جا رہا ہے، لیکن سچ جلد سامنے آئے گا۔"

اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے ایک طنزیہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا، " ایلون مسک مالی معاملات سے اچھی طرح واقف ہیں، مگر مجھے یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ منشیات استعمال کرتے ہیں۔" ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایلون مسک کے کسی اقدام پر تشویش نہیں، اور یہ کہ "میں نے مسک کو انتظامیہ سے علیحدہ ہونے کی ہدایت دی تھی، وہ ارب پتی پاگل ہو گیا ہے۔"

Watch Live Public News