ملک بھر میں  انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل  مکمل 

ملک بھر میں  انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل  مکمل 

(ویب ڈیسک )  کل ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے   انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل  مکمل  ہوگیا ہے۔

لاہور میں   الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 18 مقامات سے پولنگ سامان متعلقہ افسران کے حوالے کیا  گیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر و ایڈیشنل ڈی سی عمر مقبول کی نگرانی میں سامان ہینڈ اوور کیا  گیا۔گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈی سی لاہور نے تمام ریٹرننگ افسران کو مراسلہ جاری کیا تھا۔

این اے 117 کیلئے گورنمنٹ گریجویٹ کالج راوی روڈ شاہدرہ سے مخصوص سامان جاری کیا گیا۔ این اے 118 کیلئے یو ای ٹی اقبال آڈیٹوریم کمپلیکس، این اے 119 کیلئے یو ای ٹی سائنس میوزیم، جبکہ  این اے 120 کیلئے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن رکھ چھبیل مناواں سے سامان کی ترسیل کی گئی۔

اسی طرح  این اے 121 کیلئے گورنمنٹ سٹی ڈسٹرکٹ گرلز ہائی سکول، علامہ اقبال روڈ گڑھی شاھو، این اے 122 کیلئے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول صدر لاہور کینٹ، این اے 123 کیلئے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن کاہنہ ،این اے 124 کیلئے ورکرز ویلفیئر ہائیر سیکنڈری سکول فار بوائز نشتر کالونی سے انتخابی سامان کی ترسیل کی گئی۔

این اے 125 کیلئے ورکرز ویلفیئر ہائیر سیکنڈری سکول فار گرلز لیبر کالونی ڈیفینس روڈ ، این اے 126 کیلئے  پنجاب انجینئرنگ اکیڈمی ٹھوکر نیاز بیگ ، این اے 127 کیلئے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ، این اے 128 کیلئے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شہدائے اے پی ایس ماڈل ٹاؤن، این اے 129 کیلئے  پنجاب ریونیو اتھارٹی شاہراہ ایوان تجارت بالمقابل گورنر ہاؤس جبکہ  این اے 130 کیلئے پنجاب ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ پرانی انارکلی سے سامان کی ترسیل کی گئی۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر  رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ  متعلقہ افسران جاری کردہ اوقات کار میں وصول سامان کی محفوظ منتقلی یقینی بنائیں گے۔   الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تمام عملے کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ الیکشن تیاریوں کے تمام مراحل میں سکیورٹی اداروں اور انتظامی افسران سے مکمل کوآرڈینیشن کی جارہی ہے۔

راولپنڈی: 

راولپنڈی میں انتخابی سامان کی ترسیل سے متعلق انتظامات مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے دفتر سے سامان کی ترسیل کی گئی۔ الیکشن سامان کی ترسیل کیلئے ڈی آر او آفس میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ڈی آر او آفس کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات تھی۔

پریزائڈنگ افسران الیکشن سامان حاصل کرنے کیلئے ڈی آر او آفس پہنچے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا عملہ بھی ڈی آر او آفس میں موجود تھا۔ لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس سے سامان کی ترسیل کی  گئی۔

پشاور: 

پشاور میں بھی آج پولنگ میٹریل کی ترسیل  ہوگئی۔ ڈی آر او نے بتایا کہ  شہر کے تین مقامات سے پولنگ میٹریل متعلقہ عملےکے حوالے کیا گیا۔ٹیکنیکل کالج کوہاٹ روڈ، قیوم اسٹیڈیم اور عید گاہ سے پولنگ میٹریل کی ترسیل کی گئی۔ پشاور کے 12 سو 80 پولنگ اسٹیشنز میں میٹریل کی ترسیل کی  گئی۔