ویب ڈیسک: یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب تین کشتیاں الٹنے سے پانچ تارکین وطن جاں بحق اور 40 لاپتا ہوگئے، جبکہ 39 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جن میں زیادہ تر پاکستانی ہیں۔ ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دے دی جو واقعہ سے متعلق رپورٹ 5 روز میں پیش کرے گی۔
تفصیلا ت کے مطابق دفتر خارجہ نے بتایا کہ 47 پاکستانیوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے اور ایک پاکستانی کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے، فی الحال لاپتہ افراد کی تعداد کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ یونانی حکام سے رابطے میں ہے، پاکستانی سفارت خانے نے یونانی اور چینی کوسٹ گارڈ سے رابطے بھی کئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق لاپتہ پاکستانی افراد کے متاثرین کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا گیا ہے، پاکستانی متاثرہ فیملیز 6943850188-0030 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
قبل ازیں غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تاحال متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
کشتیوں پر پاکستان، بنگلہ دیش، سوڈان اور شام کے باشندے سوار تھے، پہلی کشتی کو حادثہ یونان کے جنوبی جزیرہ کریتی میں پیش آیا۔ دوسرا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، مالٹا کے کارگو جہاز نے 47 تارکین وطن کو بچایا۔ تیسرے واقعہ میں بحری جہاز نے یونان کے ایک اور جزیرے میں 86 افراد کو ڈوبنے سے بچایا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تینوں کشتیاں ایک ساتھ لیبیا سے روانہ ہوئی تھیں۔
حکام کے مطابق کریتی میں کشتی کو پیش آئے حادثے میں 39 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا اور ان میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کو اس علاقے میں کارگو جہازوں کے ذریعے بچایا گیا ہے۔
کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہیں کریتی کے جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لاپتا ہونے والوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
یونان کشتی حادثہ: محسن نقوی کا پاکستانی شہریوں کی اموات پر تحقیقات کا حکم
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر کے 5 روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ ناقابل برداشت جرم ہے، ملوث مافیا اب تک کئی گھر اجاڑ چکا ہے، اس مافیا کی سرکوبی کیلئے ایف آئی اے بلاامتیاز ملک گیر ایکشن لے۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے سے کم از کم 5 غیر قانونی تارکین وطن ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں، جن کا تعلق پاکستان سے بتایا جا رہا ہے، ڈوبنے والی کشتی سے 39 افراد کو بچا لیا گیا، لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔