(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے تدریسی نظام میں بہتری کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اساتذہ کیلئے لائسنس حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ آئندہ کسی بھی شخص کو لائسنس کے بغیر اسکول میں پڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم ایک باضابطہ ریگولیٹری باڈی قائم کرے گا جو اساتذہ کی رجسٹریشن اور لائسنس کے اجراء کا عمل مکمل کرے گی۔
دستاویزات کے مطابق صرف وہی اساتذہ جو ریگولیٹری باڈی سے رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ ہوں گے، تدریسی خدمات انجام دے سکیں گے۔ اساتذہ کو لائسنس صرف اس صورت میں جاری کیا جائے گا جب وہ طے شدہ معیار پر پورا اتریں گے۔
علاوہ ازیں، لائسنس کی مدت ختم ہونے کے بعد کارکردگی کی بنیاد پر اس کی تجدید بھی کی جائے گی تاکہ تدریس کے شعبے میں معیار اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جا سکے۔