ویب ڈیسک: فرانسیسی صدر میکرون کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا بھی مذاق اُڑا دیا، ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم مودی کو اُن کی اوقات یاد دلا دی۔
امریکی صدر نے بھارتی وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے اپنی اور مودی کی ایک ملاقات کا احوال بیان کر دیا۔
ہاؤس جی او پی (گرینڈ اولڈ پارٹی) ارکان کی ری ٹریٹ سے خطاب کے دوران ٹرمپ نے مودی سے ہونے والی گفتگو دہراتے ہوئے ان کا مذاق اُڑایا۔
ٹرمپ نے کہا کہ مودی نے مجھ سے ملاقات کی درخواست کی تھی، اس ملاقات میں بھارت کی جانب سے امریکا سے 68 اپاچی حملہ آور ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ بھی زیرِ بحث آیا، جس کےلیے بھارت نے 5 سال انتظار کیا تھا۔
ٹرمپ نے ملاقات کا حوالہ بتاتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ وزیرِ اعظم مودی مجھ سے ملنے آئے اور کہا کہ ’سر، کیا میں آپ سے ملاقات کر سکتا ہوں؟‘، جس پر میں نے کہا کہ ’ہاں‘۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ میرے اُن کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں، لیکن وہ مجھ سے زیادہ خوش نہیں ہیں کیونکہ روس سے تیل خریدنے کے باعث اب وہ بھاری ٹیرف ادا کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا ٹیرف کی بدولت امیر ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے روسی تیل کی خریداری کے باعث بھارت پر 50 فیصد تک ٹیرف عائد کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں دنیا کی دو بڑی جمہوری اور اسٹریٹجک شراکت داروں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔